Take a fresh look at your lifestyle.

ترقی کا راستہ ۔ ابویحییٰ

ایک نوجوان معمولی ملازمت کیا کرتا تھا۔ وہ اپنا کام بہت محنت اور دیانت داری سے کیا کرتا تھا، مگر ملازمت معمولی نوعیت کی تھی جس کی تنخواہ بہت کم تھی۔ وہ کافی عرصے تک یہاں ملازمت کرتا رہا مگر اس ملازمت میں ترقی کا کوئی امکان تھا نہ اس کا درواز کھل سکا۔

اس کی عمر بڑھتی جارہی تھی چنانچہ گھر والوں نے اس کی شادی کردی۔ اس کی بیوی بہت سمجھدار لڑکی تھی۔ اس نے اپنے شوہر کو سمجھایا کہ زندگی میں ترقی صرف محنت ہی سے نہیں ملتی بلکہ اس کے لیے نئے خیالات اور نئے راستے اختیار کرنا بھی ضروری ہیں۔

بیوی کے گھر آنے سے نوجوان میں ترقی کا داعیہ پہلے ہی بڑھ چکا تھا، اس بات نے اس کے جذبہ کو اور مہمیز دی۔ چنانچہ نوجوان نے اپنے حالات کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ اس کی بنیادی خوبی ایمانداری کے علاوہ گفتگو کرنے کی اچھی صلاحیت تھی۔ چنانچہ اس پس منظر میں نوجوان نے لگی بھلی آمدنی کی ملازمت چھوڑ کر ایک کمپنی میں کمیشن پر اشیا فروخت کرنے کا کام شروع کیا۔ ایمانداری اورگفتگو کی اچھی صلاحیت کی بنا پر جلد ہی اسے اس نئے شعبے میں ترقی حاصل ہونے لگی۔ کمپنی نے کچھ ہی عرصے میں اس کی اچھی تنخواہ مقرر کردی اور کمیشن اس کے علاوہ تھا۔ تاہم یہ نوجوان مزید ترقی چاہتا تھا۔ اس نے پھر اپنا جائزہ لیا اور دیکھا کہ تعلیم میں اس کی کمی اور انگریزی سے ناواقفیت ترقی کی راہ میں رکاوٹ تھیں۔ دو برس میں اس نے محنت کرکے ان دونوں خامیوں کو بھی دور کردیا۔ پھرایک نئی کمپنی میں بہت اچھی ملازمت کرکے خوشحال زندگی گزارنے لگا۔

یہ مثال بتاتی ہے کہ زندگی میں ترقی کا راستہ دو بنیادی چیزوں سے عبارت ہوتا ہے۔ ایک جذبہ جو محنت پر آمادہ کرتا ہے اور دوسرا لگے بندھے راستے کو چھوڑ کر نئی راہیں تلاش کرنا۔ بلند جذبہ اور نئے آئیڈیاز ہی زندگی میں ترقی کا اصل راستہ کھولتے ہیں۔