قوالی کی حیثیت ۔ ابویحییٰ
سوال: اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کیا قوالی کا سننا غلط ہے؟ (شہبازقریشی)
جواب: اہل علم عام طور پر قوالی کو موسیقی کی آمیزش کی وجہ سے ممنوع قرار دیتے ہیں۔ ہمارے نزدیک اس میں اصل قباحت وہ شاعری ہے جو اکثر اوقات مشرکانہ کلمات، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بے ادبی اور ان بزرگوں کی مدح میں غلو پر مبنی ہوتی ہے جن کی منقبت کی جارہی ہوتی ہے۔ کم از کم آخری چیز تو قوالیوں میں پائی ہی جاتی ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اپنے بارے میں یہ فرمایا ہے:
’’سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ میری تعریف میں مبالغہ نہ کرو جیسے انصار نے عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام کی تعریف میں مبالغہ کیا، میں تو اللہ کا بندہ ہوں اور کچھ نہیں، پس اس طرح کہو کہ اللہ کے بندے اور اس کے رسول۔‘‘،(بخاری :رقم3261)