Take a fresh look at your lifestyle.

سولر سسٹم ۔ ابویحییٰ

پاکستان میں پچھلی دہائی کے آغاز کے ساتھ بجلی کے ایک خوفناک بحران نے جنم لیا تھا جس کے نتیجے میں 2013 میں آنے والی حکومت نے ایک طرف بجلی کے بڑے منصوبے لگائے اور دوسری طرف سولر سے بجلی کی پیداوار کی حوصلہ افزائی شروع کی۔ رفتہ رفتہ بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں اور سولر پلیٹ کے سستے ہونے کی بنا پر پاکستان میں انتہائی تیزی سے سولر انرجی سے بجلی پیدا ہونا شروع ہوئی اور اس وقت ایک اندازے کے مطابق 30 گیگا واٹ بجلی لوگ اپنے گھروں یا تجارتی اداروں میں سولر پینل لگا کر پیدا کر رہے ہیں۔

سولر پینل سورج کی شعاعوں کی موجودگی میں کام کرتا ہے اور سورج کی روشنی کو بجلی میں بدل دیتا ہے۔ سورج جب ڈوب جاتا ہے تو سولر سسٹم کام کرنا بند کر دیتا ہے۔ جس کے بعد بیٹری یا حکومت کی بجلی کے سوا، رات میں روشنی کا کوئی ذریعہ باقی نہیں رہتا۔

سورج اور سولر پلیٹ اس دنیا میں خدا اور مومن کے دل کی بہترین تمثیل ہے۔ مومن کا دل ایک سولر پلیٹ کی طرح خدا کے فیضان کا نور پاتا ہے اور اسے بندگی کی حرارت اور ایمان و اخلاق کی روشنی دیتا ہے۔ فرق البتہ یہ ہے کہ سورج کی طرح خدا کبھی ڈوبتا نہیں۔ اس کا فیضان تو ہمہ وقت جاری و ساری ہے۔ ہوتا صرف یہ ہے کہ بندہ بشر ہے، اس لیے اس پر غفلت طاری ہوجاتی ہے۔ وہ اپنے رب کو بھول جاتا ہے۔

نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ غفلت کے ان لمحوں میں بندگی کی حرارت کم ہوجاتی ہے۔ ایمان و اخلاق کی روشنی مدھم پڑجاتی ہے۔ یہ غفلت مستقل ہوجائے تو زندگی میں اندھیروں کے سوا کچھ نہیں بچتا۔ ایسے میں بندے پر لازم ہے کہ بندہ غفلت سے نکلے اور ذکر و عبادت سے غفلت کی دھول کو جھاڑ دے۔ جو یہ کرے گا وہ خدا کے ختم نہ ہونے والے فیض سے اپنا حصہ پاتا رہے گا۔ اس کی دنیا بھی سنورے گی اور آخرت کی فلاح بھی اس کا مقدر بن جائے گی۔