زومبی ۔ ابویحییٰ
زومبی (zombie) عقل و شعور سے عاری اس مردہ دھڑ کو کہا جاتا ہے جسے جادو کے ذریعے سے دوبارہ زندہ کر دیا جاتا ہے۔ فلموں میں ان زومبیوں کو دوسرے انسانوں کو کاٹ کر اپنے جیسے زومبی بناتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔
بدقسمتی سے ہم میں سے وہ لوگ جو اپنا بیشتر وقت سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں، وہ بھی اپنی روح میں ایسے ہی زومبی بنتے چلے جارہے ہیں۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب ہمارا رجحان کسی خاص سیاسی لیڈر کی طرف ہوتا ہے اور ہم اللہ اور اس کے رسول کی تعلیمات کو چھوڑ کر اپنے لیڈر کی اندھی محبت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر لیڈروں کے تنخواہ دار جو پروپیگنڈا کرتے ہیں وہ ہمارے لیے قرآن و حدیث کے قائم مقام ہوجاتا ہے۔
ہم یہ نہیں سمجھتے کہ ہم جو کچھ سن رہے ہیں وہ حق کی آواز نہیں بلکہ تنخواہ پر رکھے گئے ملازموں کا کام ہے۔ یہ ملازم وہ لوگ ہوتے ہیں جو دن رات جھوٹے الزامات، غیرمتعلق معلومات اور اپنی ہر غلطی اور کوتاہی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے والے نکات کو اپنے اپنے کمپیوٹروں پر تخلیق کرتے اور پھر ہزاروں جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ان کو تواتر کے ساتھ پھیلاتے رہتے ہیں۔ معصوم لوگ اس جھوٹے پروپیگنڈے کو آگے بڑھا کر خود بھی زومبی بنتے ہیں اوردوسروں کو بھی بناتے ہیں۔
ایسا کرنے والوں کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ یہ کام وہ اپنے جن لیڈروں کے لیے کر رہے ہیں وہ قیامت کے دن اللہ کی پکڑ سے ان کو نہیں بچا سکتے۔ ان سے پوچھا جائے گا کہ تم نے سنی سنائی بات کو بغیر تحقیق کے کیوں آگے پھیلایا؟ تم نے بغیر ثبوت کے الزام و بہتان کیوں لگایا؟ تم نے حق کے بجائے اپنے لیڈروں کے جھوٹے پروپیگنڈے کا ساتھ کیوں دیا؟ اس خدائی پکڑ سے بچنے کا واحد طریقہ خدائی اصولوں کی پیروی ہے نہ کہ زومبی بن کر اپنے لیڈروں کی حمایت کرنا۔