نیکی کے لیے جھوٹ بولنا ۔ ابویحییٰ
سوال: اگر ہم کسی کی مدد کرنا چاہیں اور اپنا نام ظاہر نہ کرنا چاہیں تو کیا ہم کسی اور کا نام لے کرجھوٹ بول سکتے ہیں کیونکہ یہ کہا جاتا ہے کہ جب کسی کو سیدھے ہاتھ سے دو تو الٹے ہاتھ کو خبر نہ ہو۔(عبداللہ خان)
جواب: جھوٹ بولنا ایک ناپسندیدہ چیز ہے۔ اس سے حتی الامکان بچنا چاہیے۔ کسی خیر کے کام میں اپنا نام ظاہر نہ کرنا چاہیں تو نام چھپایا جاسکتا ہے یا اسے مبہم بھی رکھا جاسکتا ہے، اس کے لیے جھوٹ بولنا ضروری نہیں۔ بہت سے حکیمانہ طریقے ایسے ہوتے ہیں جن سے کام بھی ہوجاتا ہے اور بات بھی رہ جاتی ہے۔ انھیں اختیار کرنا چاہیے۔
سیدھے ہاتھ کی نیکی کی خبر الٹے ہاتھ کو نہ ہو، اس بات کو آپ نے ٹھیک نہیں سمجھا۔ مطلب اس کا یہ ہے کہ اپنی نیکی کا شہرہ نہ کریں بات لوگوں میں نہ پھیلائیں۔ یہ مطلب نہیں کہ غلط بیانی سے کام لے کر اپنا نام چھپائیں۔