کامیاب زندگی کا ایک راز ۔ ڈاکٹر شہزاد سلیم
زندگی میں کامیابی کا انحصار جیسے دیگر اہم عوامل پر ہوتا ہے ٹھیک اسی طرح اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ ہم اپنے گرد و پیش میں موجود لوگوں کے ساتھ کیسے پیش آتے ہیں۔ چاہے وہ ہمارے عزیز و اقرابا ہوں، دوست احباب ہوں یا پھر ہمارے ساتھ کام کرنے والے لوگ۔ ان سب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر انداز میں قائم رکھنے کا ایک ہی راز ہے اور وہ یہ ہے کہ ہم ان کی پرسنیلٹی ٹائپ کو سمجھیں، اس کا مطالعہ کریں اور پھر جیسی ان کی شخصیت ہے ان کو اس کے ساتھ قبول کریں اور ان کا احترام کریں۔
اس ضمن میں کرنے کا سب سے اہم کام یہ ہے کہ ہم اپنے گرد و پیش میں موجود قریبی لوگوں کی خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لیں اور پھر بجائے اس کے کہ ہم ان کی خامیوں کی فہرست بنا کر اس پر تبصرہ کریں، ہمیں چاہیے کہ ان کی خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سوچیں کہ کیسے ان کی خوبیوں کو نمایاں کیا جائے اور کس طرح ان کی خامیوں کے باعث پیدا ہونے والے خلا کو پُر کیا جائے۔
البتہ یہ کام اس وقت تک ممکن نہیں ہوسکتا جب تک شخصیت کے اس جائزہ کا عمل ہم اپنی ذات سے شروع نہ کریں جس سے متعلق ہمارے پاس اپنی خوبیوں اور خامیوں سمیت مکمل ڈیٹا میسر ہوتا ہے۔ یہی وہ خود احتسابی کا عمل ہے جس کی مدد سے ہم مکمل طور پر اپنی تمام اچھائیوں اور کمزوریوں سے آگاہ ہو جاتے ہیں، اور اپنے فکر و عمل میں بہتری لانے کے قابل ہوجاتے ہیں۔